مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی؛امریکی خام تیل کی قیمت میں ساڑھے پانچ فیصد اضافہ

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ہوگیا مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ اور تیل کی رسد متاثر ہونے کے خدشات کے باعث امریکی خام تیل کی قیمت 110 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آج امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 5.7 فیصد اضافے کے بعد 109.60 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
عالمی معیار کا سمجھے جانے والا برینٹ خام تیل کی قیمت 2 فیصد اضافہ کے ساتھ پانچ ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گئی جو 111.69 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کی صورت حال نہ صرف کشیدہ ہے بلکہ تاحال غیریقینی ہے۔ مذاکرات کی تمام تر کوششیں کامیاب نہیں ہوسکی ہیں۔
ایران نے آبنائے ہرمز تاحال بند کر رکھی ہے اور یہاں سے گزرنے والے آئل ٹینکر اور تجارتی جہازوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ امریکا کی ایرانی بحری ناکہ بندی بھی جاری ہے۔
اتنی اہم آبی گزرگاہ کی بندش نے تیل و گیس کی دنیا بھر میں ترسیل کو شدید نقصان پہنچایا جس سے پیٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔
رسد میں اس ہوشربا کمی کے باعث تیل کی قلت کا سامنا ہے اور دوسرے راستے استعمال کرنے پر لاگت میں بھی کافی اضافہ ہو رہا ہے جس سے قیمتوں میں استحکام نہیں آرہا ہے۔
واضح رہے کہ فروری کے آخری روز امریکا اور اسرائیل کے حملے کے جواب میں ایران نے آبنائے ہرمز کو بند کردیا تھا جس کے جواب میں امریکا نے بھی ایرانی بحریہ کی ناکہ بندی کردی ہے۔



