ہرمز7روز میں کھول سکتے ہیں، ایران نے امریکا کو منصوبہ بھجوا دیا، عباس عراقچی

بغداد میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ امریکی دھمکیوں، حملوں اور ناکہ بندی کا سلسلہ جاری رہنے تک بحری تحفظ بحال نہیں ہوسکتا۔ ان کے مطابق امریکی کارروائیوں اور وعدہ خلافیوں نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران ہمیشہ نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات میں شریک ہوا، تاہم امریکی فوجی کارروائیوں نے بارہا ایرانی اعتماد کو ٹھیس پہنچائی۔ ایران دباؤ اور دھمکیوں کے ذریعے اپنے جائز حقوق سے دستبردار نہیں ہوگا۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایران نے اپنی عوام، جائز مفادات اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے فوجی کارروائیاں کیں۔ ایران جنگ کی بھاری قیمت سے آگاہ ہے، اسی لیے امن کو ترجیح دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ باہمی احترام اور کیے گئے وعدوں کی پاسداری کی یقین دہانی کرائی جائے تو ایران مذاکرات کے لیے اب بھی تیار ہے۔ علاقائی اختلافات اور مسائل کا حل بھی خطے کے ممالک کو آپس میں مل بیٹھ کر تلاش کرنا چاہیے۔



