جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس: سماعت بغیر کارروائی کے 22 اکتوبر تک ملتوی

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 22 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل محمد فیصل ملک سمیت قانونی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی، جبکہ پراسیکیوشن ٹیم بھی کمرہ عدالت میں موجود تھی۔
مقدمے میں بانی پی ٹی آئی، علی امین گنڈاپور، شیخ رشید احمد، شبلی فراز، عمر ایوب، راجہ بشارت سمیت 120 سے زائد ملزمان نامزد ہیں۔
جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں ملزمان پر فردِ جرم عائد کی جاچکی ہے جبکہ 45 سے زائد گواہان پر جرح کا عمل بھی مکمل ہوچکا ہے۔
عدالت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کے ذریعے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دیا جاچکا ہے۔
آج ہونے والی سماعت کے دوران کوئی کارروائی نہ ہوسکی، جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ عدالت نے شیخ رشید احمد سمیت دیگر ملزمان کو حاضری لگانے کے بعد جانے کی اجازت دے دی۔



