اچھرہ میں گھریلو ناچاقی پر شوہر نے بیوی کو قتل کرکے خودکشی کرلی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) اچھرہ کے علاقے میں مبینہ طور پر گھریلو ناچاقی پر شوہر نے فائرنگ کرکے اپنی 32 سالہ بیوی کو قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔

پولیس کے مطابق 33 سالہ ریحان لطیف نے پہلے اپنی اہلیہ کو فائرنگ کرکے قتل کیا اور بعد ازاں خود کو گولی مار لی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ گھریلو ناچاقی کے باعث پیش آیا، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق ریحان لطیف دو بچوں کا باپ اور پیشے کے اعتبار سے جم ٹرینر تھا۔ پولیس کو اطلاع ملنے پر بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، جبکہ فرانزک ماہرین کی مدد سے جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کرلیے گئے۔

ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی بھی نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر موجود رہے، جبکہ اے ایس پی گلبرگ اور ایس ایچ او اچھرہ سمیت دیگر پولیس افسران نے بھی موقع کا معائنہ کیا۔

ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق میاں بیوی کے درمیان گھریلو ناچاقی پر جھگڑا ہوا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ریحان لطیف کی شادی تقریباً 11 سال قبل 35 سالہ مہوش سے ہوئی تھی اور دونوں کے دو بچے ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق میاں بیوی کے درمیان گھریلو ناچاقی کے باعث اکثر جھگڑا رہتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، جس کے دوران قتل اور خودکشی کی وجوہات سے متعلق مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button