پاکستان سعودی دفاعی تعلقات پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان خوش آئند ہے، مراد علی شاہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی تعلقات سے متعلق ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانی دستوں کی موجودگی تاریخی دفاعی معاہدوں کا تسلسل ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات وقت کی ہر کسوٹی پر پورا اترے ہیں اور دونوں ممالک کے روابط محض سفارتی تعلقات نہیں بلکہ دلوں کے رشتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ مکہ الائنس کے تحت سعودی عرب میں پاکستانی دستوں کی موجودگی مسلم امہ کے اتحاد کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترجمان افواجِ پاکستان نے دوطرفہ دفاعی امور اور تاریخی حقائق پر بہترین انداز میں روشنی ڈالی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری پاکستان کے لیے ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے۔ سندھ کے عوام اور حکومت پاک سعودی تاریخی اور تزویراتی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی ترقی اور سلامتی پاکستان کی اپنی سلامتی سے جڑی ہوئی ہے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی و تزویراتی تعاون باہمی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔



