بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے، محمود اچکزئی

ژوب(جانوڈاٹ پی کے) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے۔
ژوب میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ موجودہ حالات میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی گنجائش موجود ہے، تاہم اگر ایسا اقدام کیا گیا تو اس کے خلاف بھرپور مزاحمت کی جائے گی اور ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت سیاسی بحران کا حل چاہتی ہے تو سب سے پہلے اپوزیشن رہنماؤں کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات کے بعد بانی پی ٹی آئی کا مؤقف معلوم کرکے اسے مذاکرات میں آگے بڑھایا جائے گا۔
محمود خان اچکزئی نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی جو کہیں گے، وہی مؤقف آگے پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ملاقات کے بعد بھی مسائل کے حل تک مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور بات چیت ختم نہیں کی جائے گی۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ملک میں جاری سیاسی بحران کا حل مذاکرات اور آئین کی بالادستی میں ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو آئین کی بالادستی کے اصول پر متفق ہونا چاہیے۔
محمود خان اچکزئی نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں گورنر راج کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق اگر گورنر راج نافذ کیا گیا تو بھرپور مزاحمت کی جائے گی اور ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔



