مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، پاکستان میں بہتری کے راستے بننے کی امید ہے، ایاز صادق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ان کے لیے بھائیوں کی طرح ہیں، حکومت میں آنے کے بعد انہیں بھول جانے کی بات درست نہیں۔ انہوں نے ملک میں بہتری اور مفاہمت کے لیے جاری کوششوں پر امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نیک نیت لوگوں کے لیے راستے بناتا ہے۔
مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ وہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ کو عمرے کی مبارکباد دینے آئے تھے اور پاکستان کی بہتری کے لیے دعا گو ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو تین سال کے دوران انہوں نے بہتری کے راستے بنتے دیکھے ہیں اور امید ہے کہ آئندہ بھی پاکستان کے لیے بہتری کے راستے نکلیں گے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ان کے لیے بھائیوں کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے یہ کہنا درست نہیں کہ مسلم لیگ ن کی حکومت میں آنے کے بعد انہیں بھول گئی۔ ان کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے ان کے کولیگ بھی رہے ہیں جبکہ ان کے بھتیجے بھی ہیں۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ان کی خواہش تھی کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہو، تاہم گزشتہ دنوں وہ تنظیم سازی اور جلسوں کے سلسلے میں سکھر گئے ہوئے تھے، جس کے باعث ملاقات نہیں ہو سکی تھی۔
مفاہمتی کوششوں سے متعلق سوال پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وہ پرامید ہیں۔ ان کے مطابق کچھ مذاکرات جاری ہیں، بیک ڈور رابطے بھی ہوتے ہیں جبکہ فون پر بھی بات چیت رہتی ہے اور قومی اسمبلی کے ساتھیوں سے بھی مسلسل رابطہ ہوتا رہتا ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کے لیے جو بہتر ہو، وہی راستہ اختیار کرنے کی توفیق دے اور ملک میں بہتری کے لیے سازگار راستے پیدا ہوں۔



