ماسکو میں افغانستان پر بڑا اجلاس شروع،پاکستان نے امن و سلامتی کا مؤقف پیش کردیا

ماسکو (جانو ڈاٹ پی کے) افغانستان سے متعلق ماسکو فارمیٹ مشاورت کا آٹھواں اجلاس روسی دارالحکومت ماسکو میں شروع ہوگیا، جس میں پاکستان، افغانستان اور خطے کے دیگر ممالک کے نمائندے علاقائی امن، سلامتی، انسداد دہشت گردی اور اقتصادی تعاون سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کررہے ہیں۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اجلاس کے افتتاحی سیشن میں شرکت کی اور مختلف ممالک سے آنے والے وفود سے خطاب کیا۔

پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم کے معاون خصوصی اور افغانستان کے لیے خصوصی نمائندے سفیر محمد صادق کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کررہا ہے۔ پاکستانی وفد میں روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی، افغانستان میں پاکستان کے سفیر عبیدالرحمان نظامانی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شامل ہیں۔

اجلاس میں افغانستان کی موجودہ صورت حال، علاقائی امن و سلامتی، دہشت گردی کے خلاف تعاون، اقتصادی روابط اور خطے میں رابطہ کاری کے فروغ پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔

شرکا افغانستان کے ساتھ مسلسل رابطے، مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور علاقائی اقتصادی تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کررہے ہیں۔

پاکستان نے اجلاس میں اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں امن و استحکام پورے خطے کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے۔

پاکستانی حکام کے مطابق مشترکہ سکیورٹی اور اقتصادی مسائل کے حل کے لیے افغانستان کے ساتھ مسلسل رابطہ اور خطے کے ممالک کے درمیان بامقصد مذاکرات جاری رکھنا ناگزیر ہے۔

مزید خبریں

Back to top button