حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات کیوں ناکام ہوئے؟سلمان اکرم راجہ نےاندرونی کہانی بتادی

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کی بنیادی وجہ حکومتی وفد کا یکطرفہ اقدامات تسلیم کرنے کے لیے خیبرپختونخوا حکومت پر اصرار تھا۔

سلمان اکرم راجہ کے مطابق اپوزیشن وفد اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہا کہ خیبرپختونخوا میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی بنیاد پر ہونی چاہئیں، جبکہ اس معاہدے کی تیاری میں خیبرپختونخوا اسمبلی میں موجود تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی وفد نے اپوزیشن کا مؤقف مسترد کرتے ہوئے اصرار کیا کہ وفاق کی جانب سے یکطرفہ طور پر شروع کیے جانے والے تمام اقدامات کو صوبائی حکومت تسلیم کرے، جس کے باعث مذاکرات ڈیڈ لاک کا شکار ہوگئے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اپوزیشن وفد نے مذاکرات میں واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل اتفاق ہے اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے سیاسی و حکومتی سطح پر عزم موجود ہے۔

سلمان اکرم راجہ کے مطابق دہشت گردی کے خلاف پالیسی اور کارروائیاں مقامی آبادی کی حمایت اور زمینی انٹیلی جنس کی بنیاد پر ہونی چاہئیں، جبکہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں منعقدہ جرگوں کے فیصلوں کو بھی اہمیت دی جانی چاہیے، تاہم یہ مؤقف وفاقی حکومت کے لیے قابل قبول نہیں تھا۔

مزید خبریں

Back to top button