پاک افغان کشیدگی کے بیچ بڑا علاقائی اجلاس، ماسکو فارمیٹ کا آٹھواں اجلاس کل ہوگا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں افغانستان سے متعلق ماسکو فارمیٹ کا آٹھواں مشاورتی اجلاس 5 اکتوبر کو روس کے دارالحکومت ماسکو میں ہوگا، جس میں دہشت گردی، علاقائی سلامتی اور پاک افغان اختلافات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان کے لیے افغانستان کے خصوصی نمائندے محمد صادق پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ وفد میں وزارت خارجہ کے افغانستان ڈیسک کے ڈائریکٹر جنرل نعیم اقبال چیمہ، افغانستان میں پاکستان کے سفیر عبیدالرحمٰن نظامانی اور روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی بھی شامل ہوں گے۔
افغانستان کی جانب سے وزیر خارجہ امیر خان متقی وفد کی قیادت کریں گے۔ تاہم دستیاب اطلاعات کے مطابق محمد صادق اور امیر خان متقی کے درمیان الگ دوطرفہ ملاقات تاحال طے نہیں ہوئی۔
روس کے مطابق اجلاس میں افغانستان اور خطے کے ممالک کے درمیان سیاسی و اقتصادی تعاون، دہشت گردی اور منشیات کے خلاف علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے سمیت دیگر امور زیر بحث آئیں گے۔ اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیے جانے کی توقع ہے۔
روسی صدارتی نمائندہ برائے افغانستان ضمیر کابلوف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی بھی اجلاس میں زیر بحث آئے گی اور ماسکو دونوں ممالک کو اختلافات کے حل کے لیے قابلِ قبول سمجھوتے کی طرف لانے میں مدد کے لیے تیار ہے۔



