تیونس کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی،بچے سمیت2ہلاک،6لاپتہ

تیونس (جانو ڈاٹ پی کے)تیونس کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی حادثے کا شکار ہوگئی، جرمن فلاحی تنظیم سی واچ کے مطابق حادثے کے بعد بچے سمیت 2 افراد کی لاشیں برآمد جبکہ 28 تارکین وطن کو ریسکیو کرلیا گیا۔
رائٹرز کے مطابق سی واچ کے بحری جہاز اورورا نے منگل کی صبح ایک پھولی ہوئی ربڑ کی کشتی سے 5 زندہ بچ جانے والے افراد اور 2 لاشیں برآمد کیں۔ فلاحی تنظیم کے مطابق حادثے کے بعد کچھ تارکین وطن نے قریب موجود تیل و گیس کے ایک آف شور پلیٹ فارم پر پناہ لے رکھی تھی۔
ریسکیو ٹیم نے پلیٹ فارم سے مزید 23 افراد کو بحفاظت نکالا، جن میں ایک کم عمر بچہ بھی شامل ہے۔ یوں مجموعی طور پر 28 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔سی واچ کے مطابق بچ جانے والے افراد نے بتایا کہ کم از کم 6 افراد تاحال لاپتا ہیں، جن میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔ ریسکیو آپریشن کے بعد بحری جہاز اورورا اٹلی کے جزیرے لیمپیڈوسا کی جانب روانہ ہوگیا۔سی واچ کی ترجمان جولیا وِنکلر نے یورپی حکومتوں کی تارکین وطن کی آمد میں کمی کو کامیابی قرار دینے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے مطابق اس صورتحال میں بھی ہلاکتیں اور لاپتا افراد موجود ہیں۔ انہوں نے یورپ میں ریاستی سطح پر سرچ اینڈ ریسکیو پروگرام شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔اطالوی وزارت داخلہ کے اعداد و شمار کے مطابق 2026 میں اب تک 22 ہزار سے زائد سمندری تارکین وطن اٹلی پہنچ چکے ہیں، جبکہ 2025 کے اسی عرصے میں یہ تعداد 50 ہزار سے زیادہ ریکارڈ کی گئی تھی۔



