استنبول ایئرپورٹ پر ایرانی ایئرلائن کا بوئنگ737ضبط،مسافروں کو طیارے سے اتار دیا گیا

 استنبول (جانو ڈاٹ پی کے) استنبول ایئرپورٹ پر ایرانی ایئرلائن کی پرواز کا بوئنگ 737 طیارہ تقریباً 30 لاکھ یورو کے واجبات کی عدم ادائیگی کے معاملے پر ضبط کرلیا گیا، جبکہ پرواز سے قبل مسافروں اور عملے کو طیارے سے اتار کر ٹرمینل منتقل کردیا گیا۔

ترک خبر رساں ادارے کے مطابق مسافروں کے طیارے میں سوار ہونے کے بعد ترک عدالت کے افسران اور قرض خواہ کمپنی کے وکلا ایئرپورٹ پہنچے اور طیارے کو تہران روانہ ہونے سے روک دیا۔

رپورٹ کے مطابق EP-KPB رجسٹریشن نمبر والا طیارہ ترکی کی ایک ایوی ایشن سروسز کمپنی کے واجب الادا قرض کے باعث ضبط کیا گیا۔ کارروائی کے دوران طیارے میں موجود مسافروں اور عملے کو اتار کر ٹرمینل منتقل کردیا گیا۔

کیسپین ایئرلائنز کا مؤقف

کیسپین ایئرلائنز نے واقعے کو ترکی میں ایک انتظامی معاملے کے باعث بوئنگ طیارے پر عائد عارضی آپریشنل پابندی قرار دیا ہے۔

ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق ایئرلائن کا کہنا ہے کہ تنازع استنبول ایئرپورٹ کی خدمات کی مد میں تقریباً 30 لاکھ یورو کے واجبات سے متعلق ہے اور طیارے کی ایران واپسی متوقع تھی۔

ایرانی ہوا بازی کا شعبہ مشکلات سے دوچار

طیارے کی ضبطی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایرانی ہوا بازی کا شعبہ مالی اور آپریشنل مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 8 ستمبر کو امریکا نے 27 ایرانی ایئرلائنز پر پابندیاں عائد کی تھیں، جبکہ ایران کی ہوا بازی کی صنعت سے منسلک کمپنیوں اور دیگر اداروں کو بھی پابندیوں کا سامنا ہے۔امریکی پابندیوں کے باعث ایرانی ایئرلائنز کے لیے طیاروں، اسپیئر پارٹس، دیکھ بھال کی سہولیات اور بین الاقوامی مالیاتی خدمات کے حصول میں مشکلات برقرار ہیں۔کیسپین ایئرلائنز کے طیارے کی ضبطی کے وقت بھی ایران اور ترکیہ کے درمیان اس کی پروازیں جاری تھیں۔

مزید خبریں

Back to top button