آغا مصطفیٰ معاوضے کی عدم ادائیگی پر پھٹ پڑے، شوبز انڈسٹری کے بڑے مسئلے کی نشاندہی کردی

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستانی ڈرامہ اداکار آغا مصطفیٰ نے شوبز انڈسٹری میں فنکاروں کو بروقت معاوضہ نہ ملنے کے معاملے پر کھل کر آواز اٹھاتے ہوئے اسے انڈسٹری کا ایک اہم مسئلہ قرار دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں آغا مصطفیٰ نے کسی مخصوص ڈرامے کا نام لیے بغیر بتایا کہ ان کا ایک ڈرامہ جون میں مکمل ہوگیا تھا، تاہم ستمبر آنے کے باوجود انہیں اس کام کا معاوضہ ادا نہیں کیا گیا۔

اداکار کے مطابق مسئلہ صرف رقم کی تاخیر تک محدود نہیں بلکہ انہیں اپنے معاوضے کے حوالے سے کوئی واضح جواب بھی نہیں دیا جا رہا۔

آغا مصطفیٰ نے کہا کہ یہ صورتحال صرف ان کے ساتھ نہیں بلکہ شوبز سے وابستہ متعدد افراد کو بھی اسی مسئلے کا سامنا ہے۔ ان کے بقول جب تک کوئی فنکار ہانیہ عامر، وہاج علی، فواد خان یا صبا قمر جیسے بڑے اسٹار کا مقام حاصل نہ کرلے، اسے اپنے معاوضے کے لیے انتظار کرنا پڑتا ہے، جبکہ معروف فنکاروں کو نسبتاً جلد ادائیگی کردی جاتی ہے۔انہوں نے اپنی ذاتی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا تعلق اسلام آباد سے ہے، جہاں ان کے والدین اور خاندان رہتے ہیں، جبکہ کام کے سلسلے میں وہ کراچی میں مقیم ہیں۔آغا مصطفیٰ کے مطابق کراچی میں رہائش کے دوران گھر کا کرایہ، بجلی کے بل اور دیگر اخراجات سمیت متعدد مالی ذمہ داریاں ہوتی ہیں، ایسے میں کئی ماہ تک معاوضہ نہ ملنا فنکار کے لیے مشکلات پیدا کرسکتا ہے۔اداکار کی جانب سے شوبز انڈسٹری میں ادائیگیوں کے نظام اور فنکاروں کے مالی حقوق سے متعلق یہ گفتگو سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button