سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان مارکو روبیو سے ملاقات کے لیے واشنگٹن پہنچ گئے

واشنگٹن(ویب ڈیسک) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کے لیے واشنگٹن پہنچ گئے۔
سعودی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات میں سعودی عرب اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات کے علاوہ اہم علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سعودی وزیر خارجہ کا واشنگٹن کا دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں حوثی گروپ اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں سے متعلق رپورٹس سامنے آ رہی ہیں۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے رواں ماہ حوثیوں کے خلاف کارروائی کے لیے امریکا سے فوجی معاونت طلب کی تھی۔
ذرائع کے مطابق واشنگٹن نے حوثیوں کے خلاف براہِ راست حملوں میں حصہ لینے سے گریز کرتے ہوئے سعودی عرب کو انٹیلی جنس اور اہداف سے متعلق معاونت فراہم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔
فیصل بن فرحان اور مارکو روبیو کی ملاقات میں علاقائی سلامتی، باہمی تعاون اور خطے کی تازہ صورتحال پر بات چیت متوقع ہے۔



