بابر اعظم ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی ناکام، دونوں اننگز میں 16 رنز بنا سکے

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کے پہلے میچ میں نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور دونوں اننگز میں مجموعی طور پر صرف 16 رنز بنا سکے۔
ایبٹ آباد میں او جی ڈی سی ایل اور کے آر ایل کے درمیان کھیلے گئے میچ میں بابر اعظم نے پہلی اننگز میں 12 رنز بنائے، جبکہ دوسری اننگز میں وہ صرف 4 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
بابر اعظم تقریباً 7 برس بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایکشن میں آئے تھے۔ او جی ڈی سی ایل اور کے آر ایل کے درمیان میچ ٹائی ہوگیا، تاہم بابر اعظم کی کارکردگی نے میچ دیکھنے کے لیے آنے والے تماشائیوں کو مایوس کیا۔
بابر اعظم نے ٹیسٹ کرکٹ میں آخری سنچری دسمبر 2022 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں بنائی تھی، جہاں انہوں نے 161 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ 2023 کے آغاز سے ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی بیٹنگ اوسط 30.43 رہی ہے۔
تاہم حالیہ 5 ٹیسٹ میچز میں بابر اعظم 4 نصف سنچریاں بھی بنا چکے ہیں، جبکہ گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں ان کا سب سے بڑا سکور 88 رنز رہا۔
بابر اعظم نے آخری مرتبہ 2019 میں ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی تھی، جب انہوں نے قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں سینٹرل پنجاب کی قیادت کی تھی۔
رواں سیزن میں شاہین شاہ آفریدی اور سلمان علی آغا سمیت کئی قومی کھلاڑی پریذیڈنٹ ٹرافی میں شرکت کر رہے ہیں۔ پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت اے کیٹیگری کے ٹیسٹ اسپیشلسٹس کے لیے سالانہ کم از کم 6 فرسٹ کلاس میچز کھیلنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔



