آبنائے ہرمز پر امریکی مؤقف مسترد، باقر قالیباف کا سخت ردعمل

تہران (ویب ڈیسک) ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے آبنائے ہرمز سے متعلق امریکی مؤقف مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں خود اس بیانیے کے برعکس صورتحال کی نشاندہی کر رہی ہیں۔

باقر قالیباف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہا کہ تیل کی قیمتیں جنگ سے قبل کی سطح کے مقابلے میں تقریباً 35 ڈالر فی بیرل زیادہ ہیں، جبکہ موجودہ اور سابقہ قیمتوں کے موازنے میں یہ فرق تقریباً 50 ڈالر تک بنتا ہے۔

ایرانی اسپیکر نے امریکی مؤقف پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اگر آبنائے ہرمز سے متعلق واشنگٹن کی بات درست ہے تو پھر عالمی تیل مارکیٹ یا تو صورتحال کو سمجھنے میں ناکام ہے یا امریکی بیانیہ حقائق کی درست عکاسی نہیں کر رہا۔

باقر قالیباف نے مزید طنزیہ انداز میں کہا کہ آبنائے ہرمز میں امریکی مؤقف پر یقین رکھنے والوں کے لیے شاید مفت ڈالر بانٹنے والی کوئی مشین موجود ہے، انہیں چاہیے کہ وہ جاکر اسے حاصل کرلیں۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز کی صورتحال اور اسے دوبارہ کھولنے کے طریقہ کار پر اختلافات برقرار ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button