پریس کلب ٹھٹھہ میں قوالی نائٹ اور ایوارڈز کی تقریب، نمایاں شخصیات میں اعزازات تقسیم

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) پریس کلب ٹھٹھہ میں ’’بزم جاوید‘‘، سندھ فنکار ویلفیئر ٹرسٹ، پاکستان اسٹار ایوارڈز اور معروف مزاحیہ اداکار و پروڈیوسر جاوید ناز ٹاکانی کے اشتراک سے قوالی نائٹ اور ایوارڈز کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں پی ٹی وی کے معروف اداکار و ڈراما نویس منیر پٹھان، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز ٹھٹھہ کے صدر جاوید لطیف میمن، معروف مزاحیہ اداکار و پروڈیوسر جاوید ناز ٹاکانی، پریس کلب ٹھٹھہ کے صدر اقبال جاکھرو، سینئر صحافی ڈاکٹر شاہد صدیقی، رحمت اللہ چھٹو، نوجوان مصنف قاضی جی ایم، سینئر صحافی اسماعیل میمن سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹھٹھہ سندھ کا تاریخی شہر ہے، جس نے مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کرنے والی متعدد شخصیات کو جنم دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹھٹھہ ماضی میں سندھ کا دارالحکومت رہا اور اس کی تاریخ میں بے شمار تہذیبی اور ثقافتی روایات پوشیدہ ہیں۔

تقریب کے دوران مقررین نے سندھ میں پانی کے مسائل اور نوجوان نسل میں بڑھتے ہوئے منشیات کے استعمال پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئس سمیت دیگر منشیات کے پھیلاؤ سے نوجوان نسل اور خاندان متاثر ہو رہے ہیں، جس کی روک تھام کے لیے سول سوسائٹی سمیت تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

مقررین نے ٹھٹھہ میں فنونِ لطیفہ کی موجودہ صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ آرٹ زوال کا شکار ہے، تاہم بعض فنکار محدود وسائل کے باوجود اپنی مدد آپ کے تحت فن اور ثقافت کی روایت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ سندھ کے دانشور و ادیب سائیں رسول بخش درس، پی ایف یو جے ورکرز ٹھٹھہ کے صدر جاوید لطیف میمن، معروف گلوکار الہڈنو خاصخیلی، شاعر غلام حسین رنگریز، سی ایس ایس پاس کرکے ٹھٹھہ میں تعینات افسر اریجہ بتول، کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی مدیحہ جاکھرو، خالدہ خشک سمیت دیگر شخصیات کو اعزازات پیش کیے گئے۔

مزید خبریں

Back to top button