شہبازشریف کے فلسطین سے متعلق الفاظ عالمی سطح پر نمایاں،فلسطینی مشن نے خطاب اجاگر کردیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)فلسطینی مشن نے اقوام متحدہ میں وزیراعظم شہباز شریف کے خطاب کے اہم حصے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نمایاں کردیئے، جن میں غزہ کے بچوں، خواتین اور بزرگوں کی صورتحال اور فلسطینی عوام کے حقِ زندگی کا ذکر کیا گیا تھا۔فلسطینی مشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل اسمبلی سے خطاب میں فلسطین کا خصوصی ذکر کیا اور فلسطینیوں کو درپیش مشکلات کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کیا۔وزیراعظم نے اپنے خطاب میں گزشتہ سال ہند رجب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس معصوم فلسطینی بچی کی المناک موت نے دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ انہوں نے رواں سال 8 سالہ وفا عقیلہ کی موت کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ اس کا اسکول کا پہلا دن اس کی زندگی کا آخری دن بن گیا۔شہباز شریف نے سوال اٹھایا کہ غزہ میں پیدا ہونے والے بچے کو بھی دنیا کے دیگر بچوں کی طرح زندگی، مستقبل اور خواب دیکھنے کا حق حاصل نہیں؟ ۔فلسطینی مشن نے وزیراعظم کے ان ریمارکس کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نمایاں کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خطاب میں فلسطینی خواتین، بچوں اور بزرگوں کو درپیش مشکلات کو عالمی ضمیر کے سامنے اجاگر کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button