ریلوے میں بڑے فیصلے، روہڑی جنکشن25دسمبر تک اپ گریڈ کرنے کا اعلان

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت اجلاس میں ریلوے نظام کی بہتری، ٹریکس کی اپ گریڈیشن، تجاوزات کے خاتمے اور آمدن میں اضافے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
اجلاس میں فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر نے ریلوے ٹریک سے متعلق تفصیلی بریفنگ اور تجاویز پیش کیں، جس پر وفاقی وزیر نے تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو 20 اکتوبر تک تجاویز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ روہڑی جنکشن کی اپ گریڈیشن 25 دسمبر تک مکمل کرلی جائے گی، جبکہ ریلوے سسٹم میں موجود تمام سکریپ کو 31 دسمبر تک ڈسپوز کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔وزیرِ ریلوے نے وے برجز پر اوورلوڈنگ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے شکایت موصول ہونے پر فوری کارروائی کی ہدایت کردی۔ ڈویژنز میں جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ہیڈکوارٹرز آفس ڈویژنوں کی ڈیمانڈ کا 72 گھنٹے میں جواب دینے کا پابند ہوگا۔تجاوزات کے خلاف کارروائی پر وزیرِ ریلوے نے واضح کیا کہ عملے کے ساتھ کھڑا ہوں، کسی دباؤ کو خاطر میں نہ لایا جائے۔ ان کے مطابق تجاوزات کے خلاف آپریشن کی کامیابی کے لیے نیب اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت بھی حاصل کی جا رہی ہے۔وزیرِ ریلوے نے اپ گریڈ ہونے والی ٹرین کا ریک کسی صورت تبدیل نہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں ریلوے کی پہلی سہ ماہی میں 26 ارب روپے آمدن حاصل کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو شاباش دی گئی۔



