نورستان جھڑپیں،پاکستان نے افغان طالبان کے الزامات مسترد کردیئے

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان نے افغانستان کے صوبہ نورستان میں ہونے والی جھڑپوں سے متعلق افغان طالبان حکومت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور من گھڑت قرار دے دیا ہے۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مطابق پاکستان کا نورستان سمیت افغانستان میں ہونے والی کسی بھی اندرونی جھڑپ سے کوئی تعلق نہیں۔ حکام نے پاکستانی سکیورٹی فورسز یا انٹیلی جنس اداروں کے نورستان میں کسی کارروائی میں ملوث ہونے کے دعووں کو بھی مسترد کردیا۔وزارتِ اطلاعات کے مطابق سابق افغان اہلکاروں کی بھرتی یا تربیت، داعش سمیت کسی دہشت گرد گروہ کی سہولت کاری اور دیگر الزامات کے حق میں کوئی قابلِ تصدیق ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ نہ افراد کی شناخت، دستاویزات، مواصلاتی ریکارڈ یا فرانزک شواہد فراہم کیے گئے اور نہ ہی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مبینہ ویڈیو پاکستان سے کسی تعلق کو ثابت کرتی ہے۔افغان وزارتِ دفاع نے 27 ستمبر کو دعویٰ کیا تھا کہ نورستان میں پاکستانی سرحد سے آنے والے ایک گروپ کے خلاف کارروائی میں 28 جنگجو ہلاک اور 32 زخمی ہوئے، جبکہ اس گروپ میں داعش کے جنگجوؤں اور سابق افغان سکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی کا بھی الزام عائد کیا گیا۔

پاکستانی وزارتِ اطلاعات نے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹس افغانستان میں مختلف دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں کی نشاندہی کرتی رہی ہیں۔ اسلام آباد کا مؤقف ہے کہ افغان سرزمین پر موجود دہشت گرد گروہ پاکستان اور خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔

وزارتِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ افغان طالبان حکومت کو پاکستان پر الزامات عائد کرنے کے بجائے اپنی سرزمین سے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف قابلِ تصدیق اور مؤثر کارروائی کرنی چاہیے۔ پاکستان نے طالبان حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اس وعدے کی پاسداری کرے کہ افغان سرزمین پاکستان یا کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button