عازمین حج کیلئے بڑی سہولت!پاک حج ایپ میں گھر بیٹھے پیکج اور رہائش تبدیل کرنے کاآپشن متعارف

 اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزارتِ مذہبی امور نے عازمین حج کی سہولت کے لیے پاک حج ایپ میں متعدد نئے فیچرز متعارف کرا دیے ہیں، جن کے ذریعے عازمین کو حج سے متعلق کئی اہم معاملات کے لیے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

وزارت کے اعلامیے کے مطابق عازمین اب گھر بیٹھے حج پیکج کا دورانیہ اور رہائش تبدیل کرسکیں گے۔ ٹو بیڈ، تھری بیڈ، فیملی روم یا شیئرنگ رہائش میں سے انتخاب کی سہولت بھی ایپ کے ذریعے دستیاب ہوگی، جبکہ لانگ پیکج کو شارٹ اور شارٹ پیکج کو لانگ پیکج میں تبدیل کیا جاسکے گا۔

وزارتِ مذہبی امور کے مطابق میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ بھی پاک حج ایپ سے پرنٹ کیا جاسکتا ہے، جسے مجاز ڈاکٹر سے تصدیق کے بعد پاک حج ایپ یا حج پورٹل پر دوبارہ اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا۔ سمندر پار پاکستانی بھی اپنے قریبی ڈاکٹر سے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرکے ایپ پر اپ لوڈ کرسکیں گے۔

اعلامیے کے مطابق کامیاب عازمین کو ہارڈشپ کوٹے کے تحت محرم یا ہیلپر کی درخواست دینے کی سہولت بھی فراہم کردی گئی ہے، جبکہ مجبوری کی صورت میں حج درخواست منسوخ کرکے رقم واپس لینے کا فیچر بھی متعارف کرا دیا گیا ہے۔

وزارت کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے پرائیویٹ حج کی بکنگ جاری ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ حج پورٹل سے باہر پرائیویٹ حج کی بکنگ یا ادائیگی کی اجازت نہیں۔وزارتِ مذہبی امور کے مطابق پرائیویٹ حج سکیم میں اب تک 26 ہزار درخواستیں مکمل ہوچکی ہیں جبکہ 45 ہزار نشستیں دستیاب ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button