مٹھی بدین روڈ حادثہ، کوسٹر ڈرائیور نہیں کلینر چلا رہا تھا، بڑا انکشاف

تھرپارکر (جانو ڈاٹ پی کے)مٹھی-بدین روڈ پر خوفناک حادثے کی ابتدائی تحقیقات میں بڑا انکشاف سامنے آگیا، حادثے کے وقت کوسٹر ڈرائیور کے بجائے کلینر چلا رہا تھا، 14 افراد زخمی، 2 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق مٹھی-بدین روڈ پر پیش آنے والا حادثہ ڈمپر اور کوسٹر کے درمیان تصادم کے باعث پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ حادثے کے وقت کوسٹر ڈرائیور کے بجائے کلینر چلا رہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اسپیڈ بریکر اور چڑھائی کے باوجود کوسٹر کی رفتار کم نہیں کی گئی جبکہ لنک روڈ سے مین روڈ پر چڑھتے وقت بھی گاڑی کی رفتار برقرار رہی، جس کے نتیجے میں کوسٹر بے قابو ہوکر ڈمپر سے جا ٹکرائی۔
حادثے کے بعد کوسٹر کا کلینر موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ پولیس نے غفلت اور لاپرواہی کے الزام میں کوسٹر کے مالک، ڈرائیور اور فرار ہونے والے کلینر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پولیس اہلکاروں نے حادثے کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔
ذرائع کے مطابق حادثے میں 14 افراد زخمی ہوئے، جن میں بعض زخمیوں کو مزید علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ حادثے کی مکمل وجوہات اور ذمہ داروں کا حتمی تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔



