پسند کی شادی کے بعد نوجوان جوڑا خوفزدہ، مبینہ دھمکیوں پر پریس کلب پہنچ گیا

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/ جانو ڈاٹ / پی کے)بدین کے قریب کڑیو گھنور کے رہائشی نوجوان جوڑے نے عدالت میں پسند کی شادی کے بعد مبینہ دھمکیوں کے پیش نظر تحفظ کے لیے بدین پریس کلب سے رجوع کرلیا۔

کڑیو گھنور کے غریب آباد محلے سے تعلق رکھنے والے نوجوان لچھمن کمار کولہی اور مسمات سندھیا بنت میوو کولہی نے بدین کی عدالت میں پیش ہوکر اپنی آزاد مرضی، خوشی اور باہمی رضامندی سے شادی کی۔

شادی کے بعد دونوں میاں بیوی نے بدین پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کسی دباؤ کے بغیر اپنی مرضی سے شادی کی ہے اور وہ ایک ساتھ زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔

نوجوان جوڑے کے مطابق شادی کے بعد انہیں اپنے بعض رشتہ داروں، بھائیوں اور چچاؤں کی جانب سے مبینہ مخالفت اور دھمکیوں کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں جانی نقصان پہنچانے کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں، جس کے باعث وہ خود کو غیر محفوظ محسوس کررہے ہیں۔

جوڑے نے کہا کہ وہ کسی سے جھگڑا یا تنازع نہیں چاہتے اور صرف اپنی مرضی کے مطابق پُرامن زندگی گزارنا چاہتے ہیں، تاہم انہیں خدشہ ہے کہ شادی کی مخالفت کرنے والے بعض رشتہ دار انہیں نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

نوجوان میاں بیوی نے ایس ایس پی بدین، ڈی آئی جی حیدرآباد اور سندھ کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لے کر مبینہ دھمکیوں کی تحقیقات کرائی جائیں اور انہیں قانون کے مطابق تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ بلا خوف اپنی زندگی گزار سکیں.

مزید خبریں

Back to top button