غزہ میں اسرائیلی فوج کا ڈرون اپنے ہی اہلکاروں پر پھٹ گیا،2فوجی ہلاک

غزہ (جانو ڈاٹ پی کے)غزہ میں اسرائیلی فوج کے ایک چھوٹے دھماکا خیز ڈرون کے حادثاتی طور پر پھٹنے کے نتیجے میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق واقعہ غزہ کے شمالی علاقے میں قائم ایک فوجی چوکی پر پیش آیا، جہاں دونوں اہلکار ایک دھماکا خیز ایف پی وی ڈرون کو آپریٹ کر رہے تھے۔اسرائیلی فوج کے مطابق ڈرون نے اپنا پہلا مشن مکمل کرلیا تھا، تاہم دوسری مرتبہ پرواز کے دوران نامعلوم وجہ سے فوجی چوکی کے اندر ہی گر گیا۔ اہلکار ڈرون کا معائنہ کرنے اور اسے اٹھانے کے لیے اس کے قریب گئے تو اسی دوران ڈرون میں موجود دھماکا خیز مواد پھٹ گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں دونوں اہلکار شدید زخمی ہوئے اور بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گئے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت 24 سالہ ماسٹر سارجنٹ ناداف کالی اور 23 سالہ ماسٹر سارجنٹ اوفیک موئلم کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں یروشلم بریگیڈ کی 7007 ویں بٹالین میں خدمات انجام دے رہے تھے۔
واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے دھماکا خیز مواد لے جانے والے تمام چھوٹے ڈرونز کی پرواز عارضی طور پر روک دی ہے۔
اسرائیلی فوج کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ایال زمیر نے واقعے کی وجوہات اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ماہرین پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کردی ہے۔



