اسلام آباد لانگ مارچ پر فیصلہ کون کرے گا؟ بیرسٹر گوہر نے سب واضح کردیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد لانگ مارچ سے متعلق فیصلہ کرنے کا اختیار وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو دیا ہے اور مارچ کے حوالے سے آئندہ لائحہ عمل سے سہیل آفریدی ہی آگاہ کریں گے۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کو بعض فیصلوں سے متعلق اعتماد میں لیا گیا ہے، جبکہ ملاقات میں ملکی مجموعی صورتحال اور پارٹی کی آئندہ حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے لانگ مارچ کی قیادت اور اس حوالے سے فیصلہ سازی کا اختیار وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو دیا ہے۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کے معاملے پر پارٹی میں کوئی دو رائے نہیں، تاہم پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے اور فیصلے اتفاق رائے اور تفصیلی مشاورت سے کیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی معاملات کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو بھی آگاہ کیا جاتا ہے۔بیرسٹر گوہر نے دونوں اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ اپنے رابطے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کا احترام کرتے ہیں اور عموماً فون پر اطلاع دینے کے بجائے خود ان سے ملاقات کرکے معاملات سے آگاہ کرتے ہیں۔پی ٹی آئی نے اس سے قبل 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب احتجاجی مارچ کا اعلان کیا تھا، جبکہ حالیہ دنوں میں پارٹی قیادت کی جانب سے پرامن احتجاج اور مارچ کے طریقہ کار سے متعلق مشاورت جاری ہے۔



