بابر اعظم سے ملنے کا جنون! مداح جنگلا پھلانگ کر میدان میں پہنچ گیا

ایبٹ آباد (جانو ڈاٹ پی کے) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم سے ملاقات کی خواہش لیے ایک مداح باؤنڈری کے باہر نصب جنگلا پھلانگ کر میدان میں داخل ہوگیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے میچ میں بابر اعظم او جی ڈی سی ایل کی نمائندگی کر رہے ہیں، جہاں ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد موجود ہے۔اسی دوران ایک مداح باؤنڈری لائن پر لگے جنگلے کو عبور کرکے میدان میں داخل ہوا اور بابر اعظم کے قریب پہنچ گیا۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مداح نے بابر اعظم کے ساتھ سیلفی لی، بعد ازاں سجدۂ شکر ادا کیا اور پھر میدان سے باہر جانے کے لیے دوڑ لگا دی۔رپورٹس کے مطابق مداح بابر اعظم سے ملاقات میں تو کامیاب ہوگیا، تاہم کچھ ہی دیر بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے اسے حراست میں لے لیا۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بابر اعظم نے مداح کی مدد کرنے کی کوشش کی اور ایک کھلاڑی کو بھیج کر اس کی رہائی کی درخواست کی، تاہم اس وقت تک سیکیورٹی اہلکار اسے اپنے ساتھ لے جا چکے تھے۔ اس دعوے کی آزادانہ طور پر تصدیق سامنے نہیں آئی۔بابر اعظم کے مداحوں کی جانب سے میدان میں داخل ہو کر ان سے ملاقات کی کوشش کا یہ پہلا واقعہ نہیں، اس سے قبل پی ایس ایل کے دوران بھی ایسے مناظر سامنے آچکے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button