قطر کا ایران سے اہم سفارتی رابطہ،مذاکرات کی شرائط اور کشیدگی میں کمی پر غور

نیویارک (جانو ڈاٹ پی کے) مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے دوران ثالثی کا کردار ادا کرنے والے قطر نے ایران کے ساتھ سفارتی رابطے تیز کردیئے، قطری وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔قطری وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔بیان کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے شیخ محمد بن عبدالرحمن کو اپنی رہائش گاہ پر مدعو کیا، جہاں دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ملاقات میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی جاری کوششوں پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔قطری وزارت خارجہ نے کہا کہ ملاقات میں خطے میں جاری صورتحال اور ممکنہ سفارتی راستوں پر توجہ مرکوز رہی، تاہم مذاکرات کے لیے طے کی جانے والی مخصوص شرائط کی تفصیلات عوامی سطح پر جاری نہیں کی گئیں۔قطر کی جانب سے یہ سفارتی رابطہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی کم کرنے اور فریقین کے درمیان بات چیت کا راستہ کھولنے کے لیے مختلف ممالک کی سفارتی کوششیں جاری ہیں۔



