’لگان‘ کے 25 سال مکمل، عامر خان کو عالمی فلم فیسٹیول میں خصوصی اعزاز ملے گا

سنگاپور (جانو ڈاٹ پی کے) بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان کو 37ویں سنگاپور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ’اسکرین آئیکون ایوارڈ‘ سے نوازا جائے گا۔ یہ اعزاز انہیں ان کی مقبول فلم ’لگان: ونس اپون اے ٹائم اِن انڈیا‘ کی ریلیز کے 25 سال مکمل ہونے پر دیا جا رہا ہے۔

عامر خان فلم فیسٹیول میں ’لگان‘ کی 25ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی اسکریننگ میں بھی شرکت کریں گے، جہاں وہ فلم کے ہدایت کار آشوتوش گوواریکر کے ہمراہ موجود ہوں گے۔

اداکار فیسٹیول کے پروگرام ’اِن کنورسیشن ود‘ میں بھی شریک ہوں گے، جہاں وہ اپنے فلمی سفر اور ’لگان‘ سمیت اپنے کیریئر کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کریں گے۔

سنگاپور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول رواں برس 21 اکتوبر سے یکم نومبر تک جاری رہے گا۔ ’اسکرین آئیکون ایوارڈ‘ ایشیائی اداکاروں کو سنیما کے شعبے میں نمایاں تخلیقی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔

عامر خان کی فلم ’لگان‘ 15 جون 2001 کو ریلیز ہوئی تھی۔ فلم کی کہانی برطانوی نوآبادیاتی دور کے پس منظر میں ایک ایسے گاؤں کے گرد گھومتی ہے جہاں خشک سالی اور بھاری ٹیکسوں سے پریشان دیہاتی برطانوی افسر کی جانب سے کرکٹ میچ کا چیلنج قبول کرتے ہیں۔عامر خان کے مقابل گریسی سنگھ نے مرکزی کردار ادا کیا جبکہ فلم میں ریچل شیلی، پال بلیک تھورن، سُہاسنی مولے، کلبھوشن کھربندا اور رگھوبیر یادو سمیت دیگر اداکار شامل تھے۔ فلم کی موسیقی اے آر رحمان نے ترتیب دی تھی۔’لگان‘ کو 2002 میں 74ویں اکیڈمی ایوارڈز میں بہترین غیر ملکی زبان کی فلم کے لیے نامزد کیا گیا تھا، تاہم آسکر ایوارڈ بوسنیائی فلم ’نو مینز لینڈ‘ نے جیتا تھا۔فلم کی 25ویں سالگرہ کے سلسلے میں عامر خان اس سے قبل لندن اور میلبورن میں ہونے والی تقریبات میں بھی شریک ہوچکے ہیں، جبکہ سنگاپور میں خصوصی تقریب ان تقریبات کا اگلا اہم مرحلہ ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button