مناما میں بڑا فوجی اجلاس، بحرین امریکا کے دفاعی رابطے بڑھانے پر اتفاق

مناما (جانو ڈاٹ پی کے) بحرین اور امریکا کے درمیان دفاعی تعاون اور فوجی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، دارالحکومت مناما میں دونوں ممالک کی مشترکہ فوجی کمیٹی کے 21ویں اجلاس میں فوجی تعاون بڑھانے اور رابطہ کاری مؤثر بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس بحرین ڈیفنس فورس ہیڈکوارٹرز میں ہوا، جس میں بحرینی وفد کی قیادت وزیر دفاعی امور لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ بن حسن النعیمی نے کی، جبکہ امریکی وفد کی سربراہی مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے لیے امریکی نائب معاون وزیرِ جنگ مائیکل پی ڈی مینو چہارم نے کی۔اجلاس کے دوران مشترکہ فوجی کمیٹی کے ایجنڈے میں شامل مختلف امور کا جائزہ لیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانے اور دفاعی تعاون کا دائرہ وسیع کرنے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔فریقین نے بحرین اور امریکا کے باہمی تعلقات کا جائزہ لیتے ہوئے بالخصوص فوجی اور دفاعی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔اجلاس کے اختتام پر بحرین اور امریکا نے مشترکہ فوجی کمیٹی کے 21ویں اجلاس کے منٹس پر دستخط بھی کیے۔اجلاس میں بحرین ڈیفنس فورس کی جنرل کمانڈ کے مالی و تکنیکی امور کے مشیر شیخ محمد بن خلیفہ آل خلیفہ، بحرین میں امریکی سفیر اسٹیفنی ایل ہیلیٹ، بحرین ڈیفنس فورس کے اعلیٰ حکام اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔



