اٹلی کے اسکولوں میں برقع اور نقاب پر پابندی، زبان سے ناواقف طلبا کی تعداد بھی محدود

روم (جانو ڈاٹ پی کے) اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی کی کابینہ نے اسکولوں میں برقع اور نقاب پہننے پر پابندی سمیت اطالوی زبان پر مناسب عبور نہ رکھنے والے طلبا کی تعداد محدود کرنے کے لیے نئے اقدامات کی منظوری دے دی۔اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی نے سوشل میڈیا پر بیان میں بتایا کہ نئے قانون کے تحت ایک کلاس میں ایسے طلبا کی تعداد 30 فیصد تک محدود ہوگی جو اطالوی زبان پر مناسب دسترس نہیں رکھتے۔حکومت کے مطابق ایسے طلبا کے لیے اطالوی زبان سیکھنے کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے، جن میں مفت زبان کی تعلیم بھی شامل ہے، تاکہ زبان کی کمزوری ان کی تعلیمی کارکردگی میں رکاوٹ نہ بنے۔جارجیا میلونی نے اسکولوں میں برقع اور نقاب پر مکمل پابندی کے فیصلے کو ملکی سیکیورٹی سے جوڑا ہے۔ حکومت کے مطابق پابندی کی خلاف ورزی قابلِ گرفت جرم تصور ہوگی اور بعض صورتوں میں متعلقہ طالبات کو اسکول سے خارج بھی کیا جاسکتا ہے۔اطالوی اپوزیشن رہنما ایلی شلین نے حکومتی اقدام پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت بچوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔وزیر تعلیم جوزیپے والدیتارا کا کہنا ہے کہ اطالوی زبان پر ناکافی عبور طلبا کی تعلیمی پیش رفت میں رکاوٹ بنتا ہے، جبکہ بچوں کی تعلیمی کامیابی کے لیے والدین کی شمولیت بھی اہم ہے۔حکومت کے مطابق اٹلی میں تقریباً 34 ہزار اسکول کلاسز ایسی ہیں جہاں غیر ملکی طلبا کی تعداد 30 فیصد سے زیادہ ہے۔ تاہم زبان سے متعلق نئی پابندی ان نئے طلبا پر لاگو ہوگی جو اطالوی زبان سے واقف نہیں، جبکہ اٹلی میں پیدا ہونے والے یا کنڈرگارٹن سے تعلیم حاصل کرنے والے غیر ملکی طلبا کو اس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button