مانچسٹر سٹی کے خلاف مالی قوانین کی خلاف ورزیوں کے تقریباً تمام الزامات ثابت ہونے کا دعویٰ

مانچسٹر (جانو ڈاٹ پی کے) انگلش پریمیئر لیگ کے مالی قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں کے معاملے میں مانچسٹر سٹی کے خلاف عائد الزامات میں پیش رفت سامنے آئی ہے، برطانوی میڈیا ادارے ’’دی ایتھلیٹک‘‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ کلب کے خلاف ابتدائی طور پر عائد کیے گئے 115 الزامات میں سے صرف ایک کے علاوہ باقی الزامات ثابت ہوگئے ہیں، تاہم کارروائی کا حتمی فیصلہ ابھی سامنے نہیں آیا۔رپورٹ کے مطابق مانچسٹر سٹی کے خلاف الزامات کی تعداد بعد میں بڑھ کر 130 ہوگئی تھی۔ معاملہ مکمل ہونے کے بعد کلب کو ممکنہ طور پر پوائنٹس میں کٹوتی، جرمانے یا دیگر تادیبی کارروائیوں کا سامنا ہوسکتا ہے، تاہم کسی حتمی سزا کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔مانچسٹر سٹی نے شروع ہی سے اپنے خلاف عائد الزامات کی تردید کی ہے اور کلب کی جانب سے کسی حتمی فیصلے کی صورت میں اپیل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔کلب کے ترجمان نے ’’دی ایتھلیٹک‘‘ کو بتایا کہ پریمیئر لیگ کی کارروائی ابھی جاری ہے اور اس کے اہم مراحل مکمل ہونا باقی ہیں، جبکہ معاملہ سخت رازداری کے تحت ہے۔ ترجمان کے مطابق کلب کا مؤقف فروری 2023 میں جاری کیے گئے بیان کے مطابق برقرار ہے۔مانچسٹر سٹی کے خلاف کارروائی 2009 سے 2018 کے دوران مبینہ مالی بے ضابطگیوں سے متعلق ہے۔ یہ معاملہ نومبر 2018 میں جرمن اخبار ’’ڈیر اشپیگل‘‘ کی جانب سے کلب سے متعلق مبینہ مالی دستاویزات شائع کیے جانے کے بعد نمایاں ہوا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button