لاہور میں بسنت کی تیاریاں تیز،پتنگ اور ڈور بنانے والوں کی تعداد میں بڑا اضافہ

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) بسنت کی تیاریوں کے دوران پتنگ اور ڈور سازوں میں مینوفیکچرنگ لائسنس کے حصول کی دوڑ تیز ہوگئی، ڈی سی آفس میں لائسنس کے لیے 4 ہزار 300 سے زائد درخواستیں جمع کرادی گئیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق اب تک 2 ہزار 537 درخواست گزاروں کی تصدیق مکمل ہوچکی ہے جبکہ ایک ہزار 250 افراد کو مینوفیکچرنگ لائسنس جاری کیے جاچکے ہیں۔انتظامیہ کے مطابق مزید ایک ہزار 500 درخواست گزاروں کی فیلڈ ویری فکیشن جاری ہے، جس کے بعد قواعد و ضوابط پر پورا اترنے والے درخواست گزاروں کو لائسنس جاری کیے جائیں گے۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال پتنگ اور ڈور سازی کے مینوفیکچرنگ لائسنس کے لیے ایک ہزار 605 درخواستیں موصول ہوئی تھیں، جن میں سے ایک ہزار 337 افراد کو لائسنس جاری کیے گئے تھے۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مینوفیکچرنگ لائسنس حاصل کرنے والے افراد ہی قانونی طور پر پتنگ اور ڈور سازی کرسکیں گے۔انتظامیہ کے مطابق بسنت سے 6 ماہ قبل مینوفیکچرنگ کی اجازت دینے کا مقصد پتنگ اور ڈور کی طلب و رسد کو متوازن رکھنا ہے، جبکہ لائسنس کے اجرا کے لیے درخواست گزاروں کی تصدیق اور فیلڈ ویری فکیشن کا عمل جاری ہے۔



