سپن بولدک میں پاکستانی چوکی تباہ کرنے کا دعویٰ مسترد، پاکستان کا بڑا جواب

چمن (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان نے سپن بولدک کے قریب پاکستانی چوکی تباہ کرنے کے افغان دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 24 اور 25 ستمبر کی درمیانی شب پاک افغان سرحد کے گلستان سیکٹر میں افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی حدود میں داخل ہو کر کارروائی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
پاکستانی سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان جانب سے مبینہ پیش قدمی کے جواب میں سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں متعدد افغان طالبان اہلکار ہلاک ہوئے۔ سرحدی علاقے میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری رہنے کی اطلاعات ہیں۔
پاکستانی مؤقف کے مطابق افغان فورسز کی جانب سے پاکستانی چوکی تباہ کرنے کا دعویٰ زمینی صورتحال سے مطابقت نہیں رکھتا۔ پاکستانی وزارتِ اطلاعات نے بھی افغان دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ گلستان سیکٹر میں افغان جانب سے جارحیت کی کوشش ناکام بنائی گئی۔
وزارتِ اطلاعات کے مطابق جوابی کارروائی کے دوران کم از کم 13 افغان طالبان اہلکار ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ تاہم اس ہلاکتوں کی تعداد کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی
دوسری جانب تازہ صورتحال کے حوالے سے بین الاقوامی رپورٹس میں بھی بتایا گیا ہے کہ گلستان سیکٹر میں دونوں جانب فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، تاہم افغانستان یا پاکستان کی جانب سے پیش کیے گئے بعض دعووں کی آزادانہ تصدیق دستیاب نہیں ہے۔
پاکستانی سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحدی فورسز ہائی الرٹ ہیں اور افغان حدود سے کسی بھی مزید دراندازی یا جارحانہ کارروائی کا بروقت جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔



