پیپلز پارٹی اور ن لیگ پرانی ہوچکیں، فارم 47 کے سہارے کھڑی ہیں،حافظ نعیم

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) جیسی جماعتیں پرانی ہوچکی ہیں اور ان کا سیاسی انحصار فارم 47 پر ہے، عوام کے سامنے یہ زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکیں گی۔وحدت روڈ لاہور پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت نے جلسے کے راستے بند کرنے اور انتظامات میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی، تاہم کارکنوں نے حکومتی اقدامات کو ختم کرکے جلسہ منعقد کیا۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مارچ کو صرف روکا گیا ہے، ختم نہیں کیا گیا، حکومت اپنے ہتھکنڈوں سے باز آئے۔ جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے سمیت عوامی ریلیف کے مطالبات پر احتجاجی تحریک جاری رکھی ہوئی ہے اور مارچ سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل بھی پیش کیا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے ابھی اپنا پورا ایجنڈا بھی سامنے نہیں رکھا، فی الحال پٹرولیم لیوی اور عوام پر عائد اضافی بوجھ کے خاتمے کی بات کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب جس جماعت کو سیاست کرنی ہے اسے عوام کی خدمت کی سیاست کرنا ہوگی، جو عوام کے ساتھ کھڑا نہیں ہوگا، اس کی سیاست باقی نہیں رہے گی۔امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ حکمران اپنی مراعات اور سرکاری اخراجات کم کرنے کو تیار نہیں، جبکہ بیرون ملک دوروں پر بھی عوام کے کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔ انہوں نے لینڈ مافیا، پٹرول مافیا اور دیگر بااثر مفاداتی گروہوں پر بھی تنقید کی۔



