تھرپارکر میں لوڈشیڈنگ پر بڑا ایکشن، ارباب انور جبار کی حیسکو چیف سے ملاقات

تھرپارکر (جانو ڈاٹ پی کے)غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام پریشان، ارباب انور جبار حیسکو چیف کے دفتر پہنچ گئے، تھرپارکر میں بجلی کی طویل بندش کا معاملہ اعلیٰ سطح پر اٹھا دیا۔
تھرپارکر کے سابق ضلعی ناظم اور ارباب گروپ کے رہنما ارباب انور جبار نے حیدرآباد میں حیسکو چیف فیض اللہ ڈاہری سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور تھرپارکر کے مختلف شہروں خصوصاً دیہی علاقوں میں جاری غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے حوالے سے عوامی شکایات پیش کیں۔
ملاقات کے دوران ارباب انور جبار نے کہا کہ تھرپارکر ان اضلاع میں شامل ہے جہاں بجلی کے بلوں کی ادائیگی کا تناسب بہتر ہے، جبکہ بجلی چوری اور کنڈا سسٹم بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ اس کے باوجود ضلع کے عوام کو طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔
انہوں نے حیسکو چیف سے مطالبہ کیا کہ تھرپارکر کے شہری اور دیہی علاقوں میں بلاجواز لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کرکے بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ارباب انور جبار نے کہا کہ شدید گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، جبکہ بجلی کی عدم دستیابی سے روزمرہ زندگی اور دیگر معمولات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
اس موقع پر حیسکو چیف فیض اللہ ڈاہری نے ارباب انور جبار کو یقین دہانی کرائی کہ تھرپارکر کے عوام کی شکایات جائز ہیں اور ان کے ازالے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔



