موبائل بلیک میلنگ یا ذہنی دباؤ؟ نوجوان کی مبینہ خودکشی پر اہل خانہ کا بڑا مطالبہ

تھرپارکر (جانو ڈاٹ پی کے)نارتھ کراچی میں نوجوان کی مبینہ خودکشی، اہل خانہ نے بلیک میلنگ کو وجہ قرار دے دیا، نامزد افراد کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر شدید احتجاج۔مٹھی کے لوہار محلے کے رہائشی بھومجی میگھواڑ نے احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ان کا بیٹا سورج کمار مبینہ بلیک میلنگ اور ذہنی دباؤ سے تنگ آکر 29 جون 2026 کو نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا تھانے کی حدود میں مبینہ طور پر خودکشی کرگیا۔
بھومجی میگھواڑ کے مطابق ان کے بیٹے کو ونود دھرمائی اور اس کے بعض ساتھیوں، جن میں دسرت پرمار، کملیش اور دیگر شامل ہیں، مبینہ طور پر موبائل فون کے ذریعے مسلسل بلیک میل کرکے ذہنی طور پر پریشان کیا جاتا تھا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ مبینہ بلیک میلنگ کے باعث سورج کمار شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوگیا۔
اہل خانہ کے مطابق واقعے کا مقدمہ ایف آئی آر نمبر 431/2026 کے تحت 23 جولائی 2026 کو نارتھ کراچی انڈسٹریل ایریا تھانے میں درج کرایا گیا، جبکہ واٹس ایپ چیٹس اور مبینہ کال ریکارڈنگز سمیت دیگر شواہد بھی پولیس کے حوالے کیے گئے ہیں۔
تاہم بھومجی میگھواڑ کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد افراد کے خلاف تاحال گرفتاری کی کارروائی نہیں کی گئی، جس پر متاثرہ خاندان میں تشویش پائی جاتی ہے۔
اہل خانہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں، دستیاب شواہد کا فرانزک جائزہ لیا جائے اور اگر الزامات ثابت ہوں تو ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔



