پشاور میں دہشتگردی کا خدشہ، سیکیورٹی ہائی الرٹ، ریڈ زون کے راستے بند

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے)پشاور میں دہشتگردی کے خدشے نے خطرے کی گھنٹی بجادی، سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی، سول سیکرٹریٹ اور دیگر حساس مقامات سے دفاتر خالی کرالیے گئے جبکہ ریڈ زون کی جانب جانے والے راستے بند کردیئے گئے۔

سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پشاور میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کردیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سول سیکرٹریٹ، ورسک روڈ اور شامی روڈ پر واقع بعض دفاتر خالی کرالیے گئے، جبکہ ریڈ زون کی جانب جانے والے راستوں کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی سول سیکرٹریٹ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے چیف سیکرٹری کے ہمراہ سول سیکرٹریٹ کی مسجد میں نماز جمعہ ادا کی۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت سیکیورٹی صورتحال سے متعلق اجلاس بھی ہوا، جس میں صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں متعلقہ حکام نے سیکیورٹی اقدامات اور درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد ہمیں خوفزدہ نہیں کرسکتے، عوام اور حکومت دہشتگردی کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا ہر محاذ پر پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کیا جائے گا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button