سہ ملکی ون ڈے سیریز سے سری لنکاکو بڑادھچکا،پاتھم نسانکا انجری کے باعث باہر،اسالنکا بھی ڈراپ

پاتھم نسانکا انگلینڈ کے حالیہ دورے کے دوران بائیں ران کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔ انہیں کھیل میں واپسی کے لیے طبی اجازت نہیں مل سکی، جس کے بعد ان کی جگہ لہیریو اودارا کو سری لنکا کے 16 رکنی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
چارتھ اسالنکا کو انگلینڈ کے خلاف ون ڈے میچوں میں مایوس کن کارکردگی پر اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا۔ انہوں نے اپنی آخری تین اننگز میں بالترتیب ایک، 11 اور 7 رنز بنائے تھے۔
سات میچوں پر مشتمل سہ ملکی سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان اپنی مہم کا آغاز 18 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف میچ سے کرے گا، جبکہ 20 اکتوبر کو اسی میدان پر انگلینڈ سے مقابلہ ہوگا۔
سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں 22 اکتوبر کو راولپنڈی میں مدمقابل ہوں گی۔ اس کے بعد سیریز لاہور منتقل ہو جائے گی، جہاں پاکستان 25 اکتوبر کو انگلینڈ اور 27 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا۔ گروپ مرحلے کا آخری میچ 29 اکتوبر کو سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان ہوگا۔
گروپ مرحلے میں بہترین کارکردگی دکھانے والی دو ٹیمیں 31 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونے والے فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔


