بونیر میں قیامت خیز حادثہ، مسافر وین کھائی میں جاگری،5افراد جاں بحق،16زخمی

بونیر (جانو ڈاٹ پی کے)خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر میں نوشہرہ سے پیر بابا جانے والے مسافروں کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں، جب تحصیل گاگرہ کے علاقے باباجی کنڈاؤ میں وین گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں 4 خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 16 افراد زخمی ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق افراد اور زخمیوں کو نکال کر ڈگر اسپتال منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
مسافر وین حادثے پر مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔



