پشاور میں اسکول کی چھت گرنے کا واقعہ،ریسکیو1122کی ابتدائی رپورٹ تیار،56متاثرین کو نکال لیاگیا

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے)پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت منہدم ہونے کے واقعے سے متعلق ریسکیو 1122 نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی، جس میں امدادی کارروائیوں، ریسکیو ٹیموں کی بروقت آمد اور متاثرین کو اسپتال منتقل کرنے کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 15 اکتوبر کو صبح 8 بج کر 48 منٹ پر پہلی ایمرجنسی کال موصول ہوئی، جس کے بعد ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم نے ابتدائی طور پر دو ایمبولینسز جائے وقوع کی جانب روانہ کیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق ایمبولینسز پانچ منٹ کے اندر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔حادثے کی سنگینی کا اندازہ ہونے پر امدادی کارروائیوں میں تیزی لائی گئی اور مزید 20 ایمبولینسز سمیت 100 ریسکیو اہلکاروں کو جائے وقوع پر بھیجا گیا۔ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امدادی ٹیموں نے جائے وقوع سے مجموعی طور پر 56 متاثرین کو نکالا، جبکہ ملبے تلے دبے زخمیوں کو ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز کے ذریعے فوری طور پر لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا۔



