سندھ میں31سالہ بھرتیوں کاریکارڈطلب،نیب نے محکمہ اسکول ایجوکیشن کے افسروں کو20اکتوبر کوطلب کرلیا

نیب کی جانب سے ارسال کردہ خط کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے لاڑکانہ بینچ نے 30 جون 2026 کو اس معاملے پر حکم جاری کیا تھا، جبکہ مشترکہ تفتیشی ٹیم کا اجلاس 15 جون 2026 کو منعقد ہوا تھا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ لاڑکانہ بینچ کی ہدایات کے بعد تحقیقات شروع کی گئیں، تاہم محکمہ اسکول ایجوکیشن کو 2020 سے متعدد خطوط اور یاد دہانیاں بھیجنے کے باوجود مطلوبہ مکمل ریکارڈ نیب کو فراہم نہیں کیا گیا۔
نیب کے مطابق ریکارڈ کی مسلسل عدم فراہمی عدالتی احکامات پر عمل درآمد میں تاخیر کا سبب بن رہی ہے، جبکہ مبینہ غیر قانونی تقرریوں کے ذمہ دار افسران اور اہلکاروں کی نشاندہی کے لیے یہ ریکارڈ انتہائی اہم ہے۔
خط میں محکمہ اسکول ایجوکیشن کے ذمہ دار افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 20 اکتوبر کو نیب کراچی میں ذاتی طور پر پیش ہوں اور 1989 سے 2020 تک اساتذہ، ٹیکنیشنز اور دیگر عملے کی آسامیوں پر ہونے والی بھرتیوں کی مکمل تفصیلات تفتیشی ٹیم کو فراہم کریں۔



