محمداورنگزیب کی امریکی محکمہ خزانہ کی انڈرسیکریٹری سے اہم ملاقات

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی کے لیے برآمدات میں اضافہ، آئی ٹی شعبے کی عالمی مسابقت بہتر بنانا اور قرضوں کا پائیدار انتظام ناگزیر ہے۔ ان اقدامات کے ذریعے پاکستان اپنی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ کو ڈبل بی درجے تک لے جانے کی جانب پیشرفت کرسکتا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق، محمد اورنگزیب نے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں ورلڈ بینک گروپ اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر امریکی محکمہ خزانہ کی انڈر سیکریٹری برائے بین الاقوامی امور ایرن براؤن سے ملاقات کی۔ گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال، جاری اصلاحات اور بیرونی مالی معاونت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے ستمبر میں پاکستان کی جانب سے 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈ کے اجرا کا ذکر کرتے ہوئے صکوک، پانڈا بانڈز اور دیگر مالیاتی ذرائع سے وسائل کے حصول میں تنوع پیدا کرنے کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔

محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت ہونے والی پیشرفت، ٹیکس اصلاحات اور مسلسل تین سال بنیادی مالیاتی سرپلس حاصل کرنے کی صورتحال پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر تقریباً 21.6 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔

ملاقات کے دوران علاقائی تنازعات کے توانائی کی قیمتوں، مہنگائی اور غذائی تحفظ پر ممکنہ اثرات پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ رسد کا تسلسل برقرار رکھنے اور موسم سرما میں توانائی کی طلب پوری کرنے کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر خزانہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ برآمدات پر مبنی ترقی، آئی ٹی برآمدات میں اضافے، پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں میں مسابقت بہتر بنانے اور قرضوں کے پائیدار انتظام کے ذریعے ملکی معیشت کو مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button