پاکستان میں پہلی بار غیر ملکی کوچز گول کیپرز کو جدید ہاکی تکنیک سکھائیں گے، 15 کھلاڑی کیمپ میں شامل

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام ملک میں ہاکی کے فروغ اور گول کیپرز کی صلاحیتوں کو عالمی معیار کے مطابق بہتر بنانے کے لیے خصوصی تربیتی کیمپ منعقد کیا جائے گا۔ پاکستان میں پہلی بار غیر ملکی کوچ باب ویلڈوف کی نگرانی میں خصوصی گول کیپنگ کوچ جونیئر اور سینئر ٹیموں کے منتخب 15 گول کیپرز کو جدید تکنیکوں کی تربیت دیں گے۔
اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والا یہ تربیتی کیمپ سات روز پر مشتمل ہوگا، جس کے دوران روزانہ صبح اور شام کے سیشنز میں گول کیپرز کی کارکردگی اور صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔
کیمپ میں گول کیپنگ کی جدید بین الاقوامی مہارتوں، تکنیکی صلاحیتوں، جسمانی فٹنس اور ذہنی اعتماد میں اضافے کے لیے خصوصی تربیت دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے قومی جونیئر اور سینئر ٹیموں کے کیمپ سے 15 گول کیپرز کو مدعو کیا گیا ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق تربیتی کیمپ کا بنیادی مقصد پاکستان ہاکی کے روشن مستقبل کے لیے گول کیپنگ کا معیار بہتر بنانا اور قومی ٹیم کی دفاعی لائن کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ اس تربیت کے ذریعے گول کیپرز کو جدید ہاکی کے تقاضوں اور بین الاقوامی مقابلوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کیا جائے گا۔



