سعودی عرب پر حوثی حملے ناقابلِ قبول،وزیر اعظم شہبازشریف کا برادر ملک سے مکمل یکجہتی کا اعلان

وزیراعظم نے پاکستان آمد پر سعودی سفیر کا خیرمقدم کیا اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں میں حالیہ اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور پاکستانی شہریوں سمیت متعدد بے گناہ افراد زخمی ہوئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے موجودہ ادارہ جاتی طریقۂ کار کو مستحکم بنانے کے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے سعودی سفیر کو یقین دلایا کہ پاکستان دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مکمل حمایت اور تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی کے لیے نئی ذمہ داریوں میں کامیابی کی دعا بھی کی۔



