سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کا راستہ؟ فواد چودھری کا لانگ مارچ مؤخر کرنے پر زور

 اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا لانگ مارچ مؤخر کرنا ملک میں سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کی آخری امید ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں فواد چودھری نے حکومت پر زور دیا کہ وہ سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے جائز مطالبات پر بات چیت کا آغاز کرے۔

 

فواد چودھری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو بنی گالا منتقل کیا جائے اور سیاسی قیدیوں کو ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ موجودہ سیاسی صورتحال میں بہتری کی جانب پیش رفت ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ کوٹ لکھپت جیل میں قید سیاسی قیادت کو بھی مذاکراتی عمل میں شامل کیا جائے تو حالات میں بہتری کی توقع کی جاسکتی ہے۔سابق وفاقی وزیر کے مطابق موجودہ سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بامعنی مذاکرات ضروری ہیں۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے پارٹی کے اندر مختلف تجاویز اور بیانات سامنے آ رہے ہیں۔ بعض رہنماؤں کی جانب سے مذاکرات اور مارچ مؤخر کرنے کی تجاویز کا ذکر کیا گیا ہے، جبکہ پارٹی کے بعض دیگر رہنما مارچ کے پروگرام پر قائم رہنے کی بات کر رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button