ایف بی آر کا گھی اور کوکنگ آئل کی کم از کم ریٹیل قیمتیں مقرر کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے \ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے گھی اور کوکنگ آئل کے شعبے میں مبینہ ٹیکس چوری کی روک تھام اور ٹیکس وصولی بہتر بنانے کے لیے مصنوعات کی کم از کم ریٹیل قیمتیں مقرر کردی ہیں۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ گھی اور کوکنگ آئل مینوفیکچررز سے مقررہ کم از کم قیمت کے مطابق سیلز ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ یہ اقدام سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے تحت مقامی طور پر تیار کردہ سبزیوں اور حیوانی چکنائی، تیل، گھی اور کوکنگ آئل پر لاگو ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کم از کم قیمت پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (پی بی ایس) کی جانب سے جاری ہفتہ وار حساس قیمت اشاریے (ایس پی آئی) میں گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے کی اوسط قومی ریٹیل قیمت کی بنیاد پر مقرر کی جائے گی۔

ایف بی آر کے مطابق اوسط قومی ریٹیل قیمت میں سے 25 روپے فی کلو کی رعایت صرف ان رجسٹرڈ افراد کو حاصل ہوگی جو ایف بی آر کے ڈیجیٹل انوائسنگ اور پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم کے ساتھ مطابقت رکھتے ہوں۔

نوٹیفکیشن میں گھی اور کوکنگ آئل کے برانڈز کو 3 کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ کیٹیگری اے میں ڈالڈا، حبیب، صوفی، میزان، سویا سپریم اور ایوا شامل ہیں، جن کے لیے کم از کم قیمت اوسط قومی ریٹیل قیمت کے 100 فیصد کے برابر مقرر کی گئی ہے۔

کیٹیگری بی میں من پسند، حبیب ہانڈی، سیزنز، کشمیر، کوثر، شاہ تاج، کسان، شفق اور سلطان برانڈز شامل ہیں، جن کی کم از کم قیمت اوسط قومی ریٹیل قیمت کے 93 فیصد کے برابر ہوگی۔

کیٹیگری سی میں دیگر تمام برانڈز شامل ہوں گے، جن کے لیے کم از کم ریٹیل قیمت اوسط قومی ریٹیل قیمت کے 85 فیصد کے برابر مقرر کی گئی ہے۔

ایف بی آر کے مطابق اگست 2026 کے لیے پی بی ایس پورٹل پر 26 جولائی 2026 کو شائع شدہ قیمتوں کی بنیاد پر اوسط قومی ریٹیل قیمت 613 روپے فی لیٹر/کلو بنتی ہے۔ اس قیمت میں سے 25 روپے کم کرنے کے بعد کم از کم ریٹیل قیمت 588 روپے فی کلو مقرر کی گئی۔

ستمبر 2026 کے لیے کیٹیگری اے کی کم از کم قیمت 588 روپے، کیٹیگری بی کی 547 روپے جبکہ کیٹیگری سی کی کم از کم قیمت 500 روپے فی لیٹر/کلو مقرر کی گئی ہے۔

ایف بی آر کے مطابق آئندہ مہینوں کے لیے کم از کم ریٹیل قیمت کا تعین بھی اسی طریقہ کار کے تحت کیا جائے گا۔ اگر گھی یا کوکنگ آئل مقررہ کم از کم قیمت سے زیادہ پر فروخت یا سپلائی کیا گیا تو سیلز ٹیکس زیادہ قیمت کی بنیاد پر وصول کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ایف بی آر کا یہ طریقہ کار نومبر 2026 کے ٹیکس پیریڈ تک نافذ العمل رہے گا۔

مزید خبریں

Back to top button