امریکا، ایران جنگ کے خاتمے کیلئے پاکستان سے رابطہ، اقوام متحدہ کی تصدیق

نیویارک (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے اور سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان سے رابطے کی تصدیق کردی۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے کہا ہے کہ اس معاملے پر پاکستانی حکام سے رابطہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے جون میں امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے اہم پیش رفت قرار دیا۔

اقوام متحدہ کے مطابق پاکستان سمیت دیگر علاقائی ممالک نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکراتی عمل میں کردار ادا کیا تھا۔ عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا دوبارہ آغاز جنگ کے خاتمے اور کشیدگی میں کمی کی جانب پیش رفت میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔

اسٹیفن دوجارک نے فریقین پر زور دیا کہ تنازع کے حل کے لیے جنگ اور کشیدگی کے بجائے سفارت کاری اور بامعنی مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے۔

اقوام متحدہ اس سے قبل بھی امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور مذاکراتی عمل کی حمایت کرچکا ہے۔ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کی فعال سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کو آگے بڑھانا ضروری ہے۔

عالمی ادارے کے مطابق موجودہ بحران کا پائیدار حل بامعنی مذاکرات، سفارتی رابطوں اور فریقین کی جانب سے کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کے ذریعے ہی تلاش کیا جاسکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button