ایرانی صدر مسعود پزشکیان جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک روانہ

تہران (ویب ڈیسک) ایرانی صدر مسعود پزشکیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک روانہ ہوگئے۔

امریکا روانگی سے قبل مسعود پزشکیان نے کہا کہ وہ عالمی فورم پر ایران کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کریں گے اور ایرانی عوام کو درپیش مشکلات سمیت مخالفین کے جرائم سے عالمی برادری کو آگاہ کریں گے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ جنرل اسمبلی کا اجلاس ایران کا مؤقف اور پیغام عالمی برادری تک پہنچانے کا اہم موقع ہے، جس کے ذریعے ایران اپنے عوام کے مسائل اور حقوق کو عالمی سطح پر اجاگر کرے گا۔

دوسری جانب نیویارک پہنچنے کے بعد ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران اب بھی حالتِ جنگ میں ہے اور جنگ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال برقرار ہے۔

عباس عراقچی نے مغربی اور یورپی ممالک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین، غزہ، لبنان اور ایران کے معاملات پر مغربی ممالک خاموش رہے، جبکہ ایران میں کسی ایک شخص کو درپیش مسئلے پر انسانی حقوق کے حوالے سے آواز بلند کی جاتی ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارہ امن و سلامتی برقرار رکھنے میں ناکام رہا ہے۔ ان کے بقول اقوام متحدہ پر اعتماد ختم ہوچکا ہے اور اس ادارے کی بحالی ناگزیر ہے۔

عباس عراقچی نے بتایا کہ صدر مسعود پزشکیان جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے اور نیویارک میں متعدد ممالک کے سربراہان سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی صدر مختلف عالمی میڈیا اداروں کو انٹرویوز بھی دیں گے، جبکہ ایران کا بنیادی مقصد عالمی پلیٹ فارم پر ایرانی عوام کے حقوق، مفادات اور مؤقف کا دفاع کرنا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button