فرانس کا حوثیوں سے فوجی کشیدگی ختم کرنے اور امن مذاکرات میں شامل ہونے کا مطالبہ

نیویارک (جانوڈاٹ پی کے) اقوام متحدہ میں فرانس کے سفیر جیروم بونافون نے یمن میں حوثی ملیشیا سے فوجی کشیدگی ختم کرنے اور امن مذاکرات میں سنجیدگی سے شرکت کرنے کا مطالبہ کردیا۔
عرب نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں فرانسیسی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب کے خلاف کارروائیاں، باب المندب میں بحری جہازوں کو نشانہ بنانا اور ہتھیاروں کے ذریعے یمنی حکومت کو چیلنج کرنا قابل قبول نہیں۔
جیروم بونافون نے ایران کے ساتھ کشیدگی کے باوجود سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کو آزادانہ آمدورفت کے لیے کھلا رہنا چاہیے۔
لبنان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے فرانسیسی سفیر نے کہا کہ اقوام متحدہ کی امن فوج کے موجودہ مینڈیٹ کے خاتمے کے بعد بھی فرانس لبنان میں کسی نہ کسی شکل میں بین الاقوامی موجودگی برقرار رکھنے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے سعودی عرب کو خطے میں فرانس کا اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیرس سعودی عرب سمیت دیگر عرب ممالک کے ساتھ مل کر یمن، لبنان، ایران اور اسرائیل فلسطین تنازع کے سفارتی حل کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔



