گولارچی میں آل پاکستان مری اتحاد کا گرینڈ اجلاس، ہزاروں افراد کی شرکت

بدین (جانو ڈاٹ پی کے)گولارچی میں آل پاکستان مری اتحاد کے زیر اہتمام گرینڈ اجلاس، ملک کے مختلف علاقوں سے ہزاروں افراد کی شرکت، مری برادری کے اتحاد، تعلیم، روزگار، فلاح و بہبود اور اجتماعی مسائل کے حل پر تفصیلی غور کیا گیا۔

گولارچی کے ڈی جی ہال میں آل پاکستان مری اتحاد کے مرکزی چیئرمین میر مہرالدین مری کی زیرقیادت منعقدہ اجلاس میں سندھ، بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے مری برادری کے افراد نے شرکت کی۔

اجلاس میں مرکزی جنرل سیکریٹری میر جہانگیر مری، حاجی واحد بخش مری، رئیس محب علی مری، حاجی غلام رسول مری، یوتھ ونگ کے مرکزی رہنما رئیس ظفر اللہ مری، رئیس دل مراد مری سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران مری برادری کی فلاح و بہبود، اتحاد و یکجہتی، باہمی بھائی چارے، تعلیم، روزگار اور اجتماعی مسائل کے حل سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مقررین نے برادری کے اتحاد کو مزید مضبوط بنانے، نوجوان نسل کے بہتر مستقبل اور سماجی ترقی کے لیے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا۔

مرکزی چیئرمین آل پاکستان مری اتحاد میر مہرالدین مری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرداری نظام کا مقصد عوام کی بھلائی ہونا چاہیے، تاہم ان کے مطابق جدید سرداری نظام نے اپنی ہی قوم اور قبیلے کے کمزور افراد کے استحصال کو جنم دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نظام کے باعث لوگوں کی عزت اور آبرو بھی متاثر ہورہی ہے۔ میر مہرالدین مری نے مری قوم کی تعلیم اور ترقی کے لیے نوجوانوں کو آگے بڑھنے اور بزرگوں کو ان کی بھرپور پشت پناہی کرنے پر زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں بیٹیوں کو تعلیم دلانا انتہائی ضروری ہے تاکہ وہ عملی زندگی میں آگے بڑھ کر اپنے وطن اور قوم کا نام روشن کرسکیں۔

اجلاس کے شرکاء نے آل پاکستان مری اتحاد کے پلیٹ فارم کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ برادری کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملک کے مختلف علاقوں سے مری برادری کی بڑی تعداد میں شرکت کے باعث گرینڈ اجلاس نے بڑے عوامی اجتماع کی شکل اختیار کرلی۔ اجلاس کے اختتام پر شرکاء کا بڑا قافلہ گولارچی پریس کلب پہنچا، جہاں انہوں نے سرداری نظام کی مبینہ زیادتیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔

مزید خبریں

Back to top button